فزکس کے نوبیل پرائز 2020 کا اعلان کردیا گیا۔ اس سال فزکس کا نوبیل انعام راجر پینروز،رین ہارڈ گینزیل اور اینڈریاگیز نے حاصل کیا۔
بین الاقوامی خبرایجنسی کے مطابق مشترکہ نوبیل انعام برطانیہ، جرمنی اور امریکی سائنسدانوں کو دیا گیا۔ راجر پینروز برطانوی، رین ہارڈ گینزیل جرمنی اور اینڈریاگیز کا تعلق امریکا سے ہے۔
خبرایجنسی کے مطابق تینوں ماہرین کو بلیک ہول پر تحقیق کی وجہ سے نوبیل انعام سے نواز گیا۔
امریکی محققین ہاروی آلٹر، چارلس رائس اور برطانوی محقق مائیکل ہوٹن نے طب کا نوبیل انعام برائے 2020 جیت لیا ہے۔ نوبیل جیوری کے مطابق انہیں یہ اعزاز پیر کو ہیپاٹائٹس سی وائرس کی دریافت پر دیا گیا ہے۔
خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق نوبیل انعام کے حق دار کا تعین کرنے والی جیوری نے کہا ہے کہ ان تین سائنس دانوں کو خون کے ذریعے منتقل ہونے والے وائرس 'ہیپاٹائٹس' سے جنگ میں فیصلہ کن کردار ادا کرنے پر انعام دیا گیا ہے۔
جیوری کے بقول یہ مرض صحت کا ایک بہت بڑا عالمی مسئلہ تھا جو دنیا بھر میں جگر کی بیماریوں اور جگر کے کینسر کا سبب بن رہا تھا۔
عالمی ادارۂ صحت کے اندازے کے مطابق دنیا بھر میں ہر سال تقریبآ سات کروڑ ہیپاٹائٹس سی کے مریض سامنے آتے ہیں اور سالانہ تقریباً چار لاکھ اموات اس بیماری سے ہوتی ہیں۔
نوبیل کمیٹی نے ان محققین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی دریافت کی بدولت وائرس کی تلاش کےلئے کیے جانے والے خون کے انتہائی حساس ٹیسٹ اب میسر ہیں۔ ان سائنس دانوں نے دنیا کے بہت سے حصوں میں صحت کے شعبے میں بہتری کےلئے اپنا کردار ادا کیا ہے۔
ان کی دریافت نے ہیپاٹائٹس سی کی اینٹی وائرل ادویات جلد تیار کرنے میں بھی مدد دی ہے۔
جیوری نے کہا ہے کہ تاریخ میں پہلی بار اس مرض سے شفایاب ہونا ممکن ہے جس کے بعد یہ امید بھی بڑھ رہی ہے کہ دنیا کی آبادی سے ہیپاٹائٹس سی وائرس کا خاتمہ ممکن ہو سکے گا۔
ان تینوں محققین کے کام سے پہلے ہیپاٹائٹس اے اور بی سے متعلق کافی اہم پیشرفت ہو چکی تھی۔ لیکن خون کے ذریعے منتقل ہونے والے اکثر ہیپاٹائٹس کیسز کو نہیں سمجھا جا سکا تھا۔ ان کی تحقیق کے بعد ہیپاٹائٹس سی کو سمجھنا ممکن ہوا۔
تینوں سائنس دانوں کو مشترکہ طور پر نوبیل کی انعامی رقم ملے گی جو تقریباً 11 لاکھ ڈالر یا نو لاکھ 50 ہزار یورو کے مساوی ہے۔