افغانستان کے صوبے ننگرہار میں کار بم دھماکے میں 15 افراد ہلاک ہوگئے، دھماکے میں افغانستان کے انٹرنیشنل امپائر بسم اللہ جان شنواری کی بھی ہلاکت کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق افغان صوبے ننگرہار کے ضلع غنی خیل میں دہشت گردوں نے ضلعی گورنر کے کمپاؤنڈ میں گھسنے کی کوشش کی۔
دہشت گردوں کے کمپاؤنڈ میں گھسنے کی کوشش کے دوران کار میں دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 15 افراد ہلاک اور 30 زخمی ہوگئے، سیکیورٹی فورسز نے تمام دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق حملے اور دھماکے کے جاں بحق اور زخمیوں میں بچے بھی شامل ہیں، ننگر ہار کی صوبائی کونسل کے رکن عبیداللہ شنواری نے تصدیق کی کہ دہشت گردوں کے حملے میں 8 شہری بھی ہلاک ہوئے ہیں۔
رپورٹس میں کہا گیا کہ کار بم حملے کی ذمہ داری تاحال کسی گروپ نے قبول نہیں کی ہے تاہم افغان حکومت نے طالبا ن کو حملے کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔
دوسری جانب افغانستان کرکٹ بورڈ کے سابق میڈیا منیجر ابراہیم مہمند نے ٹوئٹ میں دعویٰ کیا کہ افغانستان کے انٹرنیشنل امپائر بسم اللہ جان شنواری بھی دھماکے میں جاں بحق ہوگئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دھماکے میں امپائر کے خاندان کے 7 افراد بھی جاں بحق ہوئے ہیں۔
امپائر بسم اللہ جان شنواری نے متعدد انٹرنیشنل میچز میں امپائرنگ کے فرائض سرانجام دے چکے ہیں تاہم اس حوالے سے اب تک افغان کرکٹ بورڈ یا انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے تصدیق یا تردید نہیں کی ہے۔