فرانسیسی کمپنی نے مودی سرکار کو چونا لگا دیا، معاہدے کے تحت کیے گئے وعدے پورے کرنے سے مکر گئی۔
برطانوی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق رافیل جنگی طیارے بنانے والی کمپنی نے بھارت کے ساتھ کیے گئے معاہدے کے مطابق اپنے وعدے پورے نہیں کیے جس کے باعث مودی سرکار شدید پریشانی کا شکار ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس حوالے سے بھارت کے آڈیٹر اینڈ کمپٹرولر جنرل کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ دفاعی معاہدے کے تحت فرانسیسی کمپنی کو طیاروں کی فراہمی کیساتھ تکنیکی معاونت بھی فراہم کرنا تھی، تاہم ایسا نہیں کیا گیا۔ کمپنی کی جانب سے اب تک بھارت کو کسی اعلیٰ سطحی تکنیک کی پیشکش نہیں کی گئی۔
بھارت کی آفسیٹ پالیسی کے تحت دفاعی سامان بنانے والی غیر ملکی کمپنیوں کو بھارت کی کل خرید کا کم سے کم تیس فیصد انڈیا میں ہی خرچ کرنا ہوتا ہے، تاہم فرانسیسی کمپنی نے اس پر عمل نہیں کیا۔
رافیل بیچنے والی کمپنی نے مرکزی سپلائی کانٹریکٹ حاصل کرنے کے لیے کئی آفسیٹ وعدے تو کیے لیکن بعد میں وہ انہیں پورا کرنے کے بارے میں سنجیدہ نظر نہیں آئے۔
کمپنی کی جانب سے رافیل جنگی طیاروں کی تکنیکی صلاحیت کی منتقلی کی بات کو طاق میں رکھ دیا گیا ہے۔ مزید بتایا گیا ہے کہ معاہدے کے تحت کمپنی کو 23 ستمبر 2020 تک شرائط کی لازمی پابندی کرنا تھی، تاہم ایسا نہیں کیا گیا۔
واضح رہے کہ بھارت نے فرانس کے ساتھ 36 رافیل جنگی طیاروں کی خریداری کا اربوں ڈالرز کا معاہدہ کر رکھا ہے، جس کے تحت بھارت کو 5 رافیل جنگی طیارے موصول ہو چکے ہیں۔