لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے تمام ڈومیسٹک کرکٹرز اور کوچز کے کنٹریکٹ میں ایک ماہ کی توسیع کردی، 30 جون کو ختم ہونے والے کنٹریکٹ میں 31 جولائی تک کی توسیع کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق تمام کھلاڑیوں اور کوچز کا 12 ماہ پر مشتمل آئندہ سالانہ کنٹریکٹ یکم اگست سے شروع ہوگا، کنٹریکٹس میں توسیع کا فیصلہ ہائی پرفارمنس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے کیا گیا ہے۔
ہائی پرفارمنس ڈیپارٹمنٹ ان دنوں تمام ڈومیسٹک کوچز کی کارکردگی کا جائزہ لے رہا ہے، جائزہ عمل مکمل ہونے کے بعد 6 کرکٹ ایسوسی ایشنز کے حتمی اسکواڈز کا اعلان جولائی کے آخر میں کردیا جائے گا۔
سیزن 20-2019 میں پی سی بی نے 192 ڈومیسٹک کھلاڑیوں کو کنٹریکٹ کی پیشکش کی تھی، ڈومیسٹک کرکٹ کے 186 کھلاڑیوں نے کنٹریکٹ قبول کرلیے تھے۔
ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس ندیم خان کا کہنا ہے کہ ایک جامع اور وسیع عمل کے تحت تمام کوچز کی کارکردگی کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ کارکردگی جانچنے کا یہ عمل تین مختلف حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ جدید طریقہ کار میں خود اپنا محاسبہ، انٹرویوز اور کھلاڑیوں کی آراء شامل ہیں۔ کورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر ڈومیسٹک سیزن کے آغاز کے بارے کچھ کہنا قبل از وقت ہے۔
ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس نے مزید کہا کہ کھلاڑیوں اور عہدیداروں کی صحت اور حفاظت کی پیش نظر ابھی کچھ نہیں کہا جاسکتا۔