بالی وڈ اداکار سُشانت سنگھ راجپوت نے اتوار کے روز اپنے فلیٹ میں خودکشی کرلی تھی، ان کی آخری رسومات آج ادا کی جائیں گی جبکہ ان کی موت کی سی بی آئی سے تفتیش کرانے کا مطالبہ بھی سامنے آرہا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 34 سالہ اداکار کی فیملی بھارتی ریاست بہار کے شہر پٹنا میں رہتی ہے، خاندان والوں کی کوشش ہے کہ اسُشانت کی آخری رسومات کی ادائیگی کیلئے میت کو آبائی علاقے لے جایا جاسکے تاہم اس حوالے سے ابھی بات چیت جاری ہے۔
گزشتہ روز جب سُشانت سنگھ کی خودکشی کی خبر سامنے آئی تو اُن کے مداح دنگ رہ گئے تھے۔ پولیس کے مطابق سُشانت کے فلیٹ سے کوئی 'سوسائیڈ نوٹ' برآمد نہیں ہوا ہے۔
ممبئی پولیس کی جانب سے اس بات کی بھی تصدیق کی گئی ہے کہ سُشانت نے خود کو پھندا لگاکر خودکشی کی اور اُن کی لاش کو شام ساڑھے 5 بجے اسپتال منتقل کیا گیا۔
سُشانت سنگھ راجپوت کی موت پر پٹنا کی جنادھیکار پارٹی کے رہنما پپو یادو نے مطالبہ کیا کہ معاملے کی تفتیش سی بی آئی سے کرائی جائے۔
انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ اس واقعے کے پیچھے کوئی گہری سازش ہے، میں تصور بھی نہیں کرسکتا، سُشانت خود کشی نہیں کرسکتے۔‘
پپو یادو نے مزید کہا کہ 'سُشانت بے حد محنتی اور اچھے انسان تھے، وہ ایسے شخص نہیں تھے جو خود کشی کرلیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ سُشانت زمین سے اوپر اٹھنے والوں میں سے تھے، انھوں نے بہار کو اعلیٰ مقام دلایا، ان کی موت پر ریاست بہار افسردہ ہے۔
واضح رہے کہ سُشانت سنگھ راجپوت گزشتہ کچھ عرصے سے ڈپریشن کا شکار تھے اور بتایا جارہا ہے کہ انہوں نے اسی وجہ سے خودکشی کی۔