لاہور: سلطنت عثمانیہ کے اہم کردار ارطغرل غازی کا مجسمہ لاہور کی مرغزار سوسائٹی میں نصب کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق شہرہ آفاق ترک سیریز ‘دیرلیش ارطغرل’ کی پاکستان میں مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ عظیم عثمانی سلطنت کے قیام کی بنیاد رکھنے والے ہیرو ارطغرل غازی کا مجسمہ لاہور کی مرغزار سوسائٹی میں نصب کردیا گیا ہے۔
عظیم سلطنت عثمانیہ کے ہیرو ارطغرل غازی کی جرات، بہادری اور جواں مردی کے کردار کو ترکش ڈرامہ سیریل ارطغرل سے بے پناہ شہرت ملی ہے۔ یہ ڈرامہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کی خواہش پر خصوصی طور پر اردو میں ڈب کرکے یکم رمضان المبارک سے پی ٹی وی پر نشر کیا جارہا ہے اور ان دنوں ملک میں یہ اس قدر مشہور ہے کہ مداحوں کی جانب سے ارطغرل غازی کا مجسمہ لاہور کی مرغزار سوسائٹی میں نصب کردیا گیا ہے جسے کو دیکھنے کیلئے دور دور سے لوگ آرہے ہیں۔
واضح رہے کہ ارطغرل غازی ڈرامے کی کہانی 13 ویں صدی میں “سلطنت عثمانیہ” کے قیام سے قبل کی ہے اور ڈرامے کی مرکزی کہانی “ارطغرل” نامی بہادر مسلمان سپہ سالار کے گرد گھومتی ہے جنہیں “ارطغرل غازی” بھی کہا جاتا ہے۔
ڈرامے کو ترکی کا “گیم آف تھرونز” بھی کہا جاتا ہے اور اس ڈرامے کو 13ویں صدی میں اسلامی فتوحات کے حوالے سے انتہائی اہمیت حاصل ہے۔
ڈرامے میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح 13ویں صدی میں ترک سپہ سالار ارطغرل نے منگولوں، صلیبیوں اور ظالموں کا بہادری سے مقابلہ کیا اور کس طرح اپنی فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھا۔ ڈرامے میں سلطنت عثمانیہ سے قبل کی ارطغرل کی حکمرانی، بہادری اور محبت کو دکھایا گیا ہے۔
یہ ڈرامہ پاکستان میں اردو زبان میں پیش کیے جانے سے قبل ہی دنیا کے 60 ممالک میں مختلف زبانوں میں نشر کیا جا چکا ہے۔ یہ ڈرامہ پانچ سیزن اور مجموعی طور پر 179 قسطوں پر مبنی ہے، اس ڈرامے کو ابتدائی طور پر 2014 میں ٹی آر ٹی پر نشر کیا گیا تھا اور اب یہ ڈراما “نیٹ فلیکس” سمیت دیگر آن لائن اسٹریمنگ چینلز پر موجود ہے۔