وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی ائیر لائن میں اصلاحات و تنظیم نو کے حوالے سے اجلاس ہوا ،قومی ائیر لائن کی تنظیم نو اور اصلاحات کا مفصل روڈ میپ اور اس پر عمل درآمد کے حوالے سے ٹائم لائنز وزیرِ اعظم کو پیش کر دی گئیں۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی ائیر لائن میں اصلاحات و تنظیم نو کے حوالے سے اجلاس ہوا ، سی ای او پی آئی اے نے وزیرِ اعظم کو حالیہ پی آئی اے طیارہ حادثے کی تحقیقات، شہید افراد کا جسد خاکی لواحقین کے حوالے کرنے، متاثرین کو معاوضے کی ادائیگیوں میں اب تک کی پیش رفت پر بریفنگ دی۔قومی ائیر لائن کی تنظیم نو اور اصلاحات کا مفصل روڈ میپ اور اس پر عمل درآمد کے حوالے سے ٹائم لائنز وزیرِ اعظم کو پیش کی گئیں ۔
وزیرِ اعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کی وجہ سے ملکی معیشت مشکلات کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اداروں کی جانب سے اربوں روپے کے ماہانہ نقصان کا سارا بوجھ عوام کو برداشت کرنا پڑتا ہے۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ موجودہ حالات اس امر کے متقاضی ہیں کہ ماہانہ کی بنیاد پر اربوں روپے کا نقصان کرنے والی قومی ائیر لائن میں اصلاحات اور تنظیم نو کا عمل تیز کیا جائے۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ ادارے کے اخراجات میں کمی لانے، ادارے کی آمدن اور مالی وسائل بڑھانے اور طیاروں (فلیٹ) کی اپ گریڈیشن پر خاص طور پر توجہ دی جائے۔
وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ پی آئی اے کی ملکیت میں موجود ملکی اور غیر ملکی اثاثوں کے صاف اور مکمل طور پر شفاف طریقہ کار کے ذریعے بہترین استعمال پر بھی خصوصی توجہ دی جائے تاکہ یہ اثاثے عوام پر مزید بوجھ بننے کی بجائے ادارے کے لئے مالی وسائل پیدا کرسکیں۔