لاہور: شدید تنقید کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کا یوٹرن، برطرف کئے جانے والے 55 ملازمین کو نوکریوں سے نکالنے کے نوٹسز واپس لیتے ہوئے انہیں بحال کردیا۔
پی سی بی نے مستقل بنیادوں پر کام کرنے والے 22 جبکہ 33 کنٹریکٹ ملازمین کو مدت ملازمت ختم ہونے پر فارغ کردیا تھا جن میں نیشنل اسٹیڈیم کے 10 لوئر گریڈ ملازمین بھی شامل تھے۔
پی سی بی کے مطابق تمام اسٹاف کو جاری کئے گئے برخاستگی کے نوٹسز واپس لیتے ہوئے انہیں نوکری پر بحال کردیا گیا ہے۔
چیف ایگزیکٹیو پی سی بی وسیم خان کا کہنا ہے کہ ایک ذمہ دار ادارے کی حیثیت سے پی سی بی نے اپنے فیصلےکا دوبارہ جائزہ لینے کے بعد اس پر فوری نظرثانی کی ہے۔ تاہم بورڈ اپنی ری اسٹرکچرنگ کا عمل جاری رکھے گا اور اس حوالے سے اپنے ملازمین کی معقول تعداد کو یقینی بنانے کیلئے مقررہ وقت پر ضروری فیصلے کئے جائیں گے، ملک بھر میں پی سی بی کے ملازمین کی تعداد 710 ہے۔