پاکستان کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ وقار یونس کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کرکٹ کے رنگ پھیکے کردے گا، کھلاڑیوں کو اب نئی روایات اور قوانین کا عادی ہونا پڑے گا۔
وقار یونس کرکٹ کے رنگ پھیکے پڑنے پر رنجیدہ، کہتے ہیں وائرس کی وجہ سے کرکٹ کا کھیل سب سے زیادہ متاثر ہوگا، کیونکہ اس میں بال ایک ہاتھ سے دوسرے ہاتھ میں جاتی ہے، کھلاڑی تھوک اور پسینے سے گیند چمکاتے ہیں جبکہ ایسی ہی چیزیں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا سبب ہیں، اس وائرس کی وجہ سے کرکٹ کے اصل رنگ پھیکے پڑجائیں گے اور نئے قوانین اور روایات کھلاڑیوں کیلئے بڑا جھٹکا ثابت ہوں گی۔
سابق فاسٹ بولر نے کہا کہ گیند اور بلے میں توازن برقرار رکھنا ہوگا، بال کو ڈس انفیکٹ کرنے کی بات ہو رہی ہے، اگر ایسا کیا جاتا ہے تو اس سے بولرز کو نقصان ہوگا، اس سے بال سوئنگ نہیں ہوگا، پہلے ہی فلیٹ پچز کی وجہ سے بولرز کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
سابق کپتان نے کہا کہ اصل دھچکا سلیبریشن کے حوالے سے ہوگا۔ کھیل میں اصل مزہ ہی کامیابی کے بعد جشن منانے میں ہے، کھلاڑی ہائی فائیو کرتے ہیں، گلے ملتے ہیں، یہ سب نہ کرنا کھلاڑیوں کیلئے بہت مشکل ہو گا، لیکن احتیاط کرنا پڑے گی۔