Aaj Logo

شائع 30 مئ 2020 07:55am

کوئٹہ:ہزارہ ٹاؤن میں نوجوان قتل، وزیرداخلہ کا نوٹس

کوئٹہ: ہزارہ ٹاؤن میں نوجوان کے بہیمانہ قتل کا مقدمہ تاحال درج نہ ہوسکا، تاہم پولیس نے ویڈیوز کی مدد سے شناخت کرکے 11 مبینہ افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔

گزشتہ رات ہزارہ ٹاؤن میں ہجوم نے 3 نوجوانوں کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا، جس میں ایک نوجوان بلال نورزئی جاں بحق جبکہ 2 شدید زخمی ہوگئے تھے۔ زخمیوں کا علاج سول اسپتال میں جاری ہے۔

واقعے کے خلاف لواحقین نے ریڈ زون میں دھرنا دے دیا۔ لواحقین کا مطالبہ ہے کہ ڈی ایس پی اور ایس ایچ او تھانہ بروری کے خلاف کاروائی کی جائے اور قاتلوں کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے۔

صوبائی وزیرداخلہ نے کیرانی روڈ واقعہ پر ایس ایچ او بروری تھانے کو معطل کردیا ہے۔ وزیرداخلہ نے بتایا کہ ایس ایچ او کوغفلت برتنے پر معطل کیا گیا۔

اس کے علاوہ وزیرداخلہ بلوچستان میرضیاء لانگو نے متعلقہ اداروں کو واقعے کی تحقیقات کی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت  کردی ہے۔

وزیرداخلہ ضیاء لانگو نے کہا ہے کہ قانون سے بالاتر کوئی نہیں، حکومتی رٹ کو جو کوئی بھی چیلنج کرے گا، ان کے خلاف سخت سے سخت قانونی کارروائی کی جائے گی، لواحقین کےغم میں برابر کے شریک ہیں، صوبائی حکومت تمام پہلوؤں سے جائزہ لے کر واقعے کے ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ واقعہ کے بعد ویڈیوز کے ذریعے شناخت کرکے 11 مبینہ ملزمان کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔

Read Comments