کراچی میں پی آئی اے طیارے کے حادثے میں جاں بحق ہونے والے سینیر صحافی سید انصار نقوی کی لاش کی شناخت کرلی گئی ہے۔
سینیر صحافی انصار نقوی کی میت کی شناخت سے متعلق سندھ فرانزک لیب نے رپورٹ جاری کردی ہے۔ انصار نقوی کی شناخت ڈی این اے نمونے کے ذریعے کی گئی۔
انصار نقوی کے صاحبزادے شہریار نقوی سے حاصل کردہ ڈی این اے کے نمونے سے میت کی شناخت کی گئی۔ صاحبزادے کے مطابق ان کی نماز جنازہ آج 30 مئی بعد نماز عصر جامع مسجد عسکری 4 میں ادا کی جائے گی۔ بعد ازاں انہیں گلستان جوہر کے بلاک 19 کے قبرستان میں سپرد خاک کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ 22 مئی بروز جمعہ کو لاہور سے کراچی آنے والا قومی ایئر لائن کا طیارہ کراچی ایئرپورٹ پر لینڈنگ سے چند لمحے قبل ماڈل کالونی کے علاقے میں گر کر تباہ ہوگیا تھا۔ حادثے میں مسافر اور عملے سمیت 97 افراد جاں بحق، جب کہ 2 مسافر معجزانہ طور پر بچ گئے تھے۔