ایک جانب جہاں کورونا وائرس نے دنیا بھر میں تباہی مچائی ہوئی ہے وہیں دوسری جانب اس وائرس کی وجہ سے مصر میں ایک مریض اور علاج کرنے والی ڈاکٹر کی منگنی ہوگئی۔
یہ کہانی ہے مصر کے دارلاشفاء اسپتال کی جہاں ڈاکٹر مصباح کورونا وارڈ میں اپنے فرائض انجام دے رہی ہیں۔ فرائض کی انجام دہی کے دوران ڈاکٹر کی ملاقات محمد فاہمے نامی شخص سے ہوئی جو کورونا کا شکار ہوئے تھے۔
محمد فاہمے 2 ماہ میں کورونا وائرس سے صحتیاب ہوئے، اس دوران ڈاکٹر مصباح نے ان کا خوب خیال رکھا اور دونوں کو ایک دوسرے سے محبت ہوگئی۔
محمد فاہمے جیسے ہی کورونا وائرس سے صحتیاب ہوئے تو دونوں نے منگنی کرلی۔ منگنی کی تصاویر سوشل میڈیا صارفین کی بھرپور توجہ حاصل کررہی اور خوب وائرل ہورہی ہیں۔
واضح رہے کہ کورونا وباء کیخلاف جنگ میں ڈاکٹرز اور پیرامیڈکس فرنٹ لائن سولجرز کا کردار ادا کررہے ہیں اور لوگوں کی جانیں بچانے کیلئے سر توڑ کوششیں کررہے ہیں۔
دنیا بھر میں کورونا وائرس کی صورتحال
چین کے صوبے ووہان سے جنم لینے والی اس عالمی وباء سے دنیا بھر میں اب تک 59 لاکھ 73 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ 3 لاکھ 64 ہزار 400 کے قریب افراد اپنی زندگیاں بھی گنوا چکے ہیں۔
اس کے علاوہ اب تک اس بیماری سے 26 لاکھ 30 ہزار 815 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں۔
پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال
پاکستان میں اب تک 64 ہزار سے زائد افراد اس وباء سے متاثر ہوچکے ہیں جبکہ 1 ہزار 317 افراد اپنی زندگیاں بھی گنوا چکے ہیں۔ اس کے علاوہ اب تک اس بیماری سے 22 ہزار 305 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں۔ ملک میں اس وقت ایکٹو کیسز کی تعداد 40 ہزار 400 سے زائد ہے۔