کراچی: مقبوضہ کشمیر کے کھلاڑی میر مرتضیٰ نے کراچی میں سابق کپتان شاہد آفریدی سے ملاقات کی۔ آفریدی نے کرکٹ کی ٹریننگ دی اور انہیں مزید تعاون کی پیشکش بھی کردی۔ اس کے علاوہ لاہورقلندرز کے سی ای او عاطف رانا نے بھی گروم کرنے کا بیڑا اٹھالیا۔
مقبوضہ کشمیر کا کرکٹر بنا شاہد آفریدی کا مہمان، ضلع اننت ناگ کے میر مرتضیٰ کراچی آئے آفریدی سے ملاقات کی اور ان ہی کے گھر قیام کیا۔ میر مرتضی نے شاہد آفریدی سے کرکٹ کے ٹریننگ بھی لی۔
بوم بوم نے کشمیری کرکٹر کو کوچنگ کی پیشکش بھی کی۔ کہا کہ میر مرتضیٰ اچھے کھلاڑی ہیں جب رابطہ کریں گے حاضر ہوں گا، میں تو تجربہ شیئر کروں گا، کسی اچھے کوچ سے کوچنگ کروا سکتا ہوں۔
پی ایس ایل فرنچائز لاہورقلندرز بھی میدان میں آئی، قلندرز کے چیف ایگزیکٹیو عاطف رانا نے میر کو گروم کرنے کا بیڑا اٹھاتے ہوئے کہا کہ لاہورقلندرز نے نوجوانوں کیلئے کام کیا ہے، ان کو پلیٹ فارم مہیاء کیا ہے، میرمرتضی ٹیلنٹڈ کھلاڑی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حالات بہتر ہونے پر انہیں لاہور میں قلندرز ہائی پرفارمنس سینڑ میں مدعو کریں گے اور جس طرح ہوسکا ان کی اور ان جیسے کھلاڑیوں کی مدد کریں گے۔
میرمرتضی واہگہ بارڈر کے راستے آئے اور تین ماہ پاکستان میں رہے۔ انہوں نے یہاں قیام کرنے اور کرکٹ سیکھنے پرخوشی کا اظہارکیا۔