ممبئی: کرائم پیٹرول، میری درگا اور لال عشق جیسے سپرہٹ بھارتی ٹی وی سیریلز میں فن کا مظاہرہ کرنے والی نوعمر اداکارہ پرکشا مہتا نے خودکشی کر لی۔
انڈیا ٹائمز کے مطابق پرکشا مہتا کا تعلق بھارت کے شہر اندور سے تھا، وہ لاک ڈاﺅن سے چند روز قبل اندور میں اپنے ماں باپ کے پاس گئی تھیں اور لاک ڈاﺅن کی وجہ سے وہیں پھنس گئیں۔
مبینہ طور پر وہ کام بند ہونے کی وجہ سے شدید ذہنی دباؤ کا شکار تھیں۔ گزشتہ رات انہوں نے اپنے کمرے میں چھت کے پنکھے سے پھندہ لے کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔
رپورٹ کے مطابق پرکشا کے والد نے صبح ساڑھے 6 بجے اس کی لاش پنکھے سے لٹکتی دیکھی اور گھر والے اسے فوری طور پر ہسپتال لے گئے، لیکن اس کی کئی گھنٹے پہلے ہی موت ہو چکی تھی۔
پرکشا نے خودکشی کرنے سے قبل انسٹاگرام پر ایک پوسٹ کی جس سے ان کی خودکشی کی وجہ کا کسی حد تک اندازہ ہوتا ہے۔
انہوں نے اس پوسٹ میں لکھا کہ ”سب سے برا ہوتا ہے سپنوں کا مر جانا۔“
پرکشا مہتا کی عمر صرف 25 سال تھی اور وہ اکشے کمار کی فلم "پیڈمین" میں بھی کام کر چکی تھیں۔
پولیس کے مطابق پرکشا مہتا نے خودکشی کرنے سے قبل ایک خط بھی لکھ کر چھوڑا تاہم پولیس کی طرف سے یہ نہیں بتایا گیا کہ خط میں اس نے خودکشی کی وجہ کیا لکھی، جس پر میڈیا رپورٹس میں اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ پرکشا کام بند ہونے کی وجہ سے ذہنی دباﺅ کا شکار تھیں اور اسی وجہ سے انہوں نے خودکشی کر لی۔