لاہور،کراچی:پاکستان میں کورونا وائرس کے مزید 1748 کیسز سامنے آگئے، جس کے بعد وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 56 ہزار 349 ہوگئی، جبکہ 1167 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔
نیشنل کمانڈاینڈآپریشن سینٹرنے کوروناوائرس سےمتاثرہ افراد کے تازہ اعدادوشمار جاری کردیئے۔
لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد ملک میں کورونا کے وار تیز ہوگئے، گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 1 ہزار 748 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد پاکستان میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 56 ہزار 349 ہوگئی۔
آج کے کیسز کی صورتحال
آج 25 مئی بروز پیر کو بھی پاکستان میں کورونا وائرس کے نئے تصدیق شدہ کیسز سامنے آنے کا سلسلہ جاری ہے،ملک میں آج کورونا کے مزید 1748 مریض سامنے آئےجبکہ 34 ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق کورونا وائرس سے سندھ سب سے زیادہ متاثر ہوا، جہاں کورونا کے مریضوں کی تعداد 22 ہزار 491 ہوگئی جبکہ پنجاب میں 20 ہزار 077 افراد کورونا وائرس کا شکار ہوئے۔
اس کے علاوہ خیبرپختونخوا میں 7 ہزار 905، بلوچستان میں 3 ہزار 407، گلگت بلتستان میں619،اسلام آباد میں 1 ہزار 641 اور آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کے 209 کیسز سامنے آچکے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا کہنا ہے کہ 24 گھنٹے کے دوران ملک میں کورونا وائرس سے مزید 34 مریض جاں بحق ہوئے،جس کے بعد اموات کی تعداد 1167 ہوگئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک بھرمیں کورونا سےمتاثرہ 37 ہزار 700 مریض زیرعلاج ہیں جبکہ پاکستان میں اب تک 17 ہزار 482 مریض کورونا سے مکمل صحت یاب ہوچکےہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری نئے اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 10 ہزار 049 کورونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 1748 افراد میں کورونا وائرس پایا گیاجبکہ ملک بھر میں مجموعی طور پر اب تک 4 لاکھ 83 ہزار656 افراد کے ٹیسٹ کئے جاچکے ہیں۔