اسلامی تاریخ پر مبنی ترکش ڈرامہ ‘ارطغرل’ اس وقت پاکستان میں نئے ریکارڈز قائم کررہا ہے اور اسے ناظرین کی جانب سے خوب پسند کیا جارہا ہے، اور نہ صرف اس ڈرامے کو پسند کیا جارہا ہے بلکہ اس میں مختلف کردار نبھانے والوں اداکاروں کی فین فالوونگ میں بھی مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔
پاکستانیوں کی محبت اور پذیرائی کی وجہ سے اب تک اس ڈرامے کے کئی کردار پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار بھی کرچکے ہیں۔
ڈرامے کی مرکزی کردار حلیمہ سلطان (اسراء بلجیک) کی گزشتہ کچھ دنوں سے ایک لڑکے کے ساتھ تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے اور مداح یہ بات جاننے کو بے تاب ہیں کہ یہ لڑکا کون ہے۔
تو آپ کو بتاتے چلیں کہ یہ لڑکا کوئی اور نہیں بلکہ اسراء بلجیک کا حقیقی بھائی علی بلجیک ہے۔ اداکارہ کے بارے میں آپ کو یہ بات جان کر حیرانگی ہوگی کہ وہ طلاق یافتہ ہیں۔
اسراء کی شادی 2017 میں ترکی کے معروف فٹبالر گوخان طور سے ہوئی تھی تاہم 2 سال بعد اس شادی کا اختتام ہوگیا جس کی وجہ یہ بتائی جاتی ہے کہ اداکارہ کے شوہر ان سے بے وفائی کررہے تھے اور اس بات کا انہیں پتا چلا تو دونوں کے درمیان علیحدگی ہوگئی۔
واضح رہے کہ ارطغرل غازی ڈرامے کی کہانی 13 ویں صدی میں “سلطنت عثمانیہ” کے قیام سے قبل کی ہے اور ڈرامے کی مرکزی کہانی “ارطغرل” نامی بہادر مسلمان سپہ سالار کے گرد گھومتی ہے جنہیں “ارطغرل غازی” بھی کہا جاتا ہے۔
ڈرامے میں کام کرنے والے تمام اداکار راتوں رات پاکستان میں اس حد تک مقبول ہوگئے کے ان کی فین فالوونگ میں دن بہ دن تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔
ڈرامے کو ترکی کا “گیم آف تھرونز” بھی کہا جاتا ہے اور اس ڈرامے کو 13 ویں صدی میں اسلامی فتوحات کے حوالے سے انتہائی اہمیت حاصل ہے۔
ڈرامے میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح 13 ویں صدی میں ترک سپہ سالار ارطغرل نے منگولوں، صلیبیوں اور ظالموں کا بہادری سے مقابلہ کیا اور کس طرح اپنی فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھا۔ ڈرامے میں سلطنت عثمانیہ سے قبل کی ارطغرل کی حکمرانی، بہادری اور محبت کو دکھایا گیا ہے۔
یہ ڈرامہ پاکستان میں اردو زبان میں پیش کیے جانے سے قبل ہی دنیا کے 60 ممالک میں مختلف زبانوں میں نشر کیا جاچکا ہے۔ یہ ڈراما پانچ سیزن اور مجموعی طور پر 179 قسطوں پر مبنی ہے، اس ڈرامے کو ابتدائی طور پر 2014 میں ٹی آر ٹی پر نشر کیا گیا تھا اور اب یہ ڈراما “نیٹ فلیکس” سمیت دیگر آن لائن اسٹریمنگ چینلز پر موجود ہے۔