پاکستان پیپلز پارٹی کی سینیئر رہنما شہلا رضا کا کہنا ہے کہ مجھے کوئی کتنا بھی ٹرول کرے کوئی فرق نہیں پڑتا مگر جب بات میرے مرحوم بچوں پر آتی ہے تو میں حیران رہ جاتی ہوں۔
تفصیلات کے مطابق آج شہلا رضا آج نیوز کی رمضان ٹرانسمیشن 'باران رحمت' میں بطور مہمان شریک ہوئیں جہاں ان سے میزبان ریما خان نے سوالات کئے اور انہوں نے جوابات بھی دیئے۔
دوران گفتگو شہلا رضا کے مرحوم بچوں کا ذکر آیا تو میزبان ریما خان نے کہا یہ بات کہنا بہت آسان ہے مگر جس پر گزرتی ہے وہی جانتا ہے۔
ریما خان نے مزید کہا کہ بیشک آپ کے بچے جنت میں ہوں گے جس پر شہلا رضا نے کہا کہ ظاہر ہے دونوں معصوم تھے۔
میزبان نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ایسی گھڑی، ایسے مشکل وقت سے کسی کو نہ گزارے۔ ریما خان نے شہلا رضا کیلئے یہ بھی دعا کی کہ اللہ تعالیٰ آپ پر ہمیشہ اپنا فضل اور کرم رکھے۔
یہ سن کر شہلا رضا نے کہا کہ یہ اللہ تعالیٰ کا فضل اور کرم ہی ہے جس نے مجھے اس واقعے کے بعد بھی اتنا ہمت اور حوصلہ دیا ہے کہ میں آج بھی لوگوں کی باتیں سنتی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ آپ کو یقین نہیں آئے گا کہ میں کوئی ٹویٹ بھی کردوں تو مخالفین یہ کہتے ہیں 'چڑیل اپنے بچوں کو کھا گئی، تھر کے بچوں کا تو خیال کر'۔
انہوں نے مزید کہا کہ اب ہمارے یہاں ایسا کلچر آگیا ہے کہ میری ہی پروفائل لگاکر اور مجھے ہی ٹرول کرتے ہیں۔
شہلا رضا نے کہا کہ مجھے اس چیز سے کوئی اعتراض نہیں ہے لیکن جب میرے مرحوم بچوں کو بھی نہیں بخشا جاتا تو میں حیران ہوجاتی ہوں اور سوچتی ہوں کہ یہ کون لوگ ہیں، کن ماؤں کے بچے ہیں، ان کی کیا تربیت ہوئی ہے اور کس لیڈر کے فالوور ہیں جو ایک ماں کو بھی نہیں بخش رہے۔
یہ تمام تر گفتگو کرتے ہوئے شہلا رضا آنکھوں میں آنسو آگئے تاہم آخر میں انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ یہی سیاست ہے اور اس میں سب کچھ برداشت کرنا پڑتا ہے۔ ویڈیو ملاحظہ کریں۔
میں جو بھی ٹوئٹ کروں مجھے کہتے ہیں کہ اپنے بچوں کو تو کھا گئی تھر کے بچوں کا تو خیال کر۔۔۔؛ شہلا رضا #AajNews #Baran_e_Rehmat @SyedaShehlaRaza pic.twitter.com/HvBVGA0B75
— Aaj News Urdu (@aaj_urdu) May 19, 2020
واضح رہے کہ شہلا رضا کے بیٹا اور بیٹی ایک کار حادثے میں جاں بحق ہوگئے تھے۔