پاکستان کی مشہور و معروف اور متنازع ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ نے ترکش ڈرامے 'ارطغرل غازی' کی مرکزی کردار 'حلیمہ سلطان' کا کردار ادا کرنے کی خواہش ظاہر کردی۔
اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں انہوں نے کہا ہے کہ میری خواہش ہے حلیمہ سلطان کا کردار ادا کروں اور میرے مدمقابل ارطغرل کا کردار وزیراعظم عمران خان ادا کریں۔
ان کا کہنا ہے کہ ارطغرل میں ترکش اداکارہ اسرا بلجیک نے شاندار اداکاری کی ہے، ان کی اداکاری دیکھ کر ایسا لگا جیسے میں بھی اسی دور میں چلی گئی ہوں۔
یہ ترکش ڈرامہ اسلامی تاریخ پر مبنی ہے اور اسے مداحوں کی جانب سے خواب پسند کیا جارہا ہے۔ ڈرامے کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ اس نے پاکستان میں ڈرامہ بنانے والے ملک ترکی کو بھی پیچھے چھوڑدیا ہے۔
اس ڈرامے کی پہلی قسط کو ٹی آر ٹٰی پر 5 سالوں میں ایک کروڑ 20 لاکھ بار دیکھا گیا جبکہ پاکستانی یوٹیوب چینل پر پہلی قسط کو صرف تین ہفتوں میں 2 کروڑ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے۔
واضح رہے کہ یہ ڈرامہ وزیراعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر یکم رمضان المبارک سے اردو میں ڈب کرکے پی ٹی وی پر نشر کیا جارہا ہے۔ اس ڈرامے کو 2014 میں پہلی بار ترکی کے سرکاری ٹیلی ویژن پر نشر کیا گیا تھا اور اب تک اسے 60 سے زائد مختلف زبانوں میں ڈب کرکے نشر کیا جاچکا ہے۔