اگر کسی دوسرے ملک کے سفر کے دوران پاسپورٹ گُم ہوجائے تو سنگین مسائل پیدا ہوجاتے ہیں اور دیار غیر میں انسان مشکلات کا شکار ہوجاتا ہے۔ آئیے آپ کو بتاتے ہیں کہ ایسی صورتحال میں کیا کرنا چاہیے۔
سب سے پہلے تو اپنے اوسان قائم رکھیں یاد رکھیں کہ دنیا کا خاتمہ نہیں ہوگیا جوآپ اس قدر پریشان ہیں بلکہ اپنے اعصاب پر قابو پائیں۔ یاد کریں کہ آخری بار کہاں دیکھا تھا یہ یاد کرنے کی کوشش کریں کہ آخری بار آپ نے پاسپورٹ کہاں رکھا تھا۔ کہیں چائے یا کافی پیتے ہوئے تو ریسٹورنٹ میں نہیں بھول آئے۔
سوشل میڈیا کی مدد حاصل کریں اپنی تصویر کے ساتھ فیس بک یا ٹویٹر پر اسٹیٹس اپ ڈیٹ کریں۔ اگر آپ کی قسمت اچھی ہوئی تو کوئی نہ کوئی آپ کی مدد کو آجائے گا۔
آپ کو پہلی فرصت میں پولیس اسٹیشن جاکر پاسپورٹ گمشدگی کی رپورٹ درج کروانی ہے تاکہ اس کی مدد سے آپ دوسرے پاسپورٹ یا ایمرجنسی پرمٹ کے حصول کے لئے کام شروع کرسکیں۔ اپنے ملک کی ایمبیسی جائیں اس پولیس رپورٹ کی کاپی ایمبیسی یا قونصلیٹ میں پیش کریں اور ایمرجنسی پرمٹ کے لئے اپلائے کریں۔ اس پرمٹ کو ملنے کے بعد آپ اپنے ملک کو جاسکیں گے۔
جب آپ ایمبیسی جائیں گے تو عین ممکن ہے کہ عملہ آپ سے تصاویر کا مطالبہ کریں لہٰذا اپنی تصاویر بنوا کر ہی ایمبیسی کا رخ کریں۔
اپنے پاس کچھ رقم کا انتظام رکھیں کیونکہ آپ کو پاسپورٹ یا ایمرجنسی پرمٹ کے لئے فیس دینی ہوگی۔ ممکن ہے کہ جس ملک میں آپ ٹھہریں ہوں وہاں سے نکلنے کے لئے آپ کو ایگزٹ ویزہ درکارہو لہٰذا اس کی فیس بھی ادا کرنی ہوگی۔
اگر آپ نے دو چار دن کے اندر سفر کرنا ہے تو اپنی فلائیٹ کو تبدیل کروادیں کیونکہ اب آپ کو زیادہ وقت لگے گا۔
سب سے اہم کام جب بھی اپنا بیرون ملک سفر شروع کریں تو پاسپورٹ کی ایک فوٹو کاپی اور ایک اسکین کاپی اپنے ای میل میں رکھیں تاکہ کسی بھی ناگہانی صورت کا مقابلہ کیا جاسکے۔