چودهری برادران نے بهی نیب کو سیاسی انجینئرنگ کا ادارہ قرار دیدیا۔
چیئرمین نیب کے اختیارات کیخلاف چودهری شجاعت حسین اور پرویز الٰہی نے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔
چودهری شجاعت حسین اور چودهری پرویز الہی کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ نیب سیاسی انجینئرنگ کرنے والا ادارہ ہے۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ نیب کے کردار اور تحقیقات کے غلط انداز پر عدالتیں متعدد فیصلے بهی دے چکی ہیں۔ نیب نے ہمارے خلاف 19 سال قبل آمدن سے زائد اثاثہ جات کی مکمل تحقیقات کیں جس میں کوئی چیز ثابت نہیں ہوسکی، اب چیئرمین نیب نے 19 سال پرانے معاملے کی دوبارہ تحقیقات کا حکم دیا ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین نیب کو 19 سال پرانے اور بند کی جانیوالی انکوائری دوبارہ کهولنے کا اختیار نہیں، ہمارا سیاسی خاندان ہے اس لئے سیاسی طور پر انتقام کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ نیب کا 19 برس پرانے آمدن سے زائد اثاثہ جات کی انکوائری دوبارہ کهولنے کا اقدام غیرقانونی قرار دیا جائے۔