روس نے امریکا کو کورونا وائرس سے متعلق امدادی طبی سامان کے ساتھ 6 لاکھ ڈالر کا بل بھی بھیج دیا ہے۔
روس کی جانب سے امریکا کو بھجوائے گئے امدادی سامان میں وینٹی لیٹرز اور دیگر اشیا شامل ہیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق یہ سامان کسی خصوصی پرواز کی بجائے عام کارگو پرواز میں بھجوایا گیا۔
ساٹھ ٹن سامان میں 45 وینٹیلیٹر شامل ہیں، تاہم وولٹیج استعمال کرنے کی وجہ سے امریکا میں یہ وینٹی لیٹرز بیکار ہیں۔ علاوہ ازیں سامان میں کیمیائی ہتھیاروں سے بچاؤ کیلئے استعمال ہونے والے ماسک اور گھریلو استعمال کے دستانے بھی شامل ہیں۔
سامان کی قیمت 13 لاکھ ڈالر بنتی ہے تاہم امریکا محکمہ داخلہ کو صرف چھ لاکھ ڈالر کا بل بھیجا گیا ہے۔
روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے مارچ میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو فون پر طبی سامان بھجوانے کی پیشکش کی تھی سے ڈونلڈ ٹرمپ نے قبول کیا تھا۔
امریکی صدر کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ روس کورونا کے خلاف لڑنے کے لیے بہت بڑا امدادی پیکیج بھیج رہا ہے۔
روسی صدر نے کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں امریکی صدر کو امداد کی پیشکش کی تھی جس کو امریکی صدر نے قبول کر لیا تھا، جس کے بعد روس کا جہاز ماسک اور کورونا وائرس کی وبا سے حفاظت کے لیے دیگر طبی امدادی سامان لے کر امریکا روانہ ہوا۔
خیال رہے کہ روس کو بھی بڑے پیمانے پر مہلک وبا کا سامنا ہے۔ روس میں کورونا کے مریضوں کی تعداد ایک لاکھ سے اوپر چلی گئی ہے، مزید سات ہزار مریض سامنے آگئے، جبکہ 101 افراد جان سے چلے گئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق روس میں اموات کی تعداد ایک ہزار سے اوپر ہوچکی ہے جبکہ روسی وزیراعظم بھی کورونا وائرس کا شکار بن گئے۔
دوسری جانب روس کورونا وائرس کے ٹیسٹ کرنے میں دوسرے نمبر پر آگیا ہے، جہاں اب تک 34 لاکھ افراد کے کورونا ٹیسٹ ہوچکے ہیں جن میں سے ایک لاکھ میں وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے، امریکا میں کورونا کے 62 لاکھ سے زیادہ ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔