اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی صائمہ ندیم کی کارگو طیارے میں سفر کی غیرقانونی کوشش ناکام بنا دی گئی، خاتون رکن اسمبلی اپنی فیملی کے ہمراہ کارگو طیارے پر اسلام آباد سے کراچی جانا چاہتی تھیں، لیکن سول ایوی ایشن نے انہیں کارگو طیارے میں سوار ہونے سے روک دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق تحریک انصاف کی ایم این اے صائمہ ندیم اپنے شوہر اور بچوں کے ہمراہ کارگو طیارے میں کراچی جانا چاہتی تھیں جس کیلئے گراؤنڈ ہینلڈنگ کمپنی نے ایم این اے کو غیرقانونی طریقے سے بورڈنگ پاس بھی دیا ہوا تھا۔
قوانین کے مطابق کارگو طیارے میں کریو کے علاوہ کسی کو جانے کی اجازت نہیں۔ لیکن رکن اسمبلی کو کارگو طیارے کا بورڈنگ جاری کردیا گیا۔
جونہی سول ایوی ایشن کو اطلاع ملی تو انہیں نے فوری ایئرپورٹ پر جاکر صائمہ اور اس کی فیملی کو طیارے میں سوار ہونے سے روک دیا۔
سول ایوی ایشن نے معاملے کی تحقیقات کا حکم دیا ہے اور ملوث افراد کے خلاف تادیبی کارروائی بھی کی جائے گی۔
واضح رہے حکومت نے ملک بھر میں پروازوں کی بندش میں7 مئی تک کی توسیع کی ہے۔ لیکن صرف خصوصی پروازوں، کارگو اور چارٹرڈ طیاروں کو پرواز کی جازت دی گئی ہے۔
معاون خصوصی برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف نے بیرون ملک سے واپس آنے والے پاکستانیوں کو حکومتی ہدایات پر عمل کرنے پر زور دیتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا ہے کہ اکثر بااثر مسافر بغیر ٹیسٹ کے فوری طور پر گھر جانا چاپتے ہیں جو ممکن نہیں، زائرین کو بڑی حد تک واپس لے آئے ہیں تاہم مختلف ممالک میں قیدی موجود ہیں پھر جن کے ویزے ختم ہوکر غیر قانونی کیٹگری میں گئے ہیں ان کو واپس لانا ضروری ہے۔