چین نے کورونا کے خلاف جنگ جیت لی، چین کے شہر ووہان میں اب کورونا کا کوئی مریض موجود نہیں، کورونا کا سب سے پہلا کیس ووہان میں ہی سامنے آیا تھا۔
موثرلاک ڈاؤن اور احتیاطی تدابیر پر سختی سے عملدرآمد کا نتیجہ سامنے آرہا ہے اور چین نے دنیا بھرمیں قیامت ڈھانے والے کورونا وائرس کو مات دے دی۔
چین کا شہر ووہان جہاں کورونا کا پہلا کیس سامنے آیا تھا، اب وہاں کورونا کا کوئی بھی مریض موجود نہیں۔
نیشنل ہیلتھ کمیشن کے مطابق ووہان میں کورونا کا آخری مریض بھی صحتیاب ہوگیا۔ گزشتہ سال دسمبر میں چین میں اس مہلک وبا کا آغاز ہوا اور 82816 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ اموات کی تعداد 4632 رہی۔ ووہان سے 46452 متاثرین رپورٹ ہوئے جو چین میں کورونا کے کُل مریضوں کی تعداد کا 56 فیصد بنتا ہے۔
کورونا پر بروقت قابو پانے کیلئے جہاں چین نے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے وہیں اسے عوام کا بھرپور تعاون بھی حاصل رہا۔