ورلڈکپ 2011 جیتنے والی بھارتی ٹیم کے رکن ہربھجن سنگھ کا کہنا ہے کہ یونس خان نے مجھے بہت ستایا ہے اور اُن کی بیٹنگ مجھے رلا دیتی تھی۔
بھارتی اوپنر روہت شرما کے ساتھ انسٹاگرام پر لائیو گفتگو کرتے ہوئے ہربھجن سنگھ نے 5 مشکل ترین بلے بازوں کے نام گنوائے۔
انہوں نے یہ نام گنواتے ہوئے کہا کہ جنوبی افریقی آل راؤنڈر جیک کیلس کو بولنگ کرنا آسان نہیں تھا۔ دوسرے نمبر پر انہوں نے آسٹریلیا کے میتھیو ہیڈن جبکہ تیسرے نمبر پر ویسٹ انڈین لیجنڈ برائن لارا کا نام لیا۔
بعدازاں انہوں نے کہا کہ پاکستانی بلے باز یونس خان کی بیٹنگ نے مجھے بہت ستایا ہے، وہ تو مجھے رلا ہی دیتے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ یونس مسلسل سویپ شاٹس کھیل کر مجھے پریشان کردیتے تھے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کے سابق کپتان انضمام الحق کو بھی آؤٹ کرنا آسان نہیں ہوتا تھا۔
ہربھجن نے اپنے 5 فیورٹ اسپنرز کے بھی نام لئے جن میں پاکستان سے تعلق رکھنے والے دوسرا کے موجد ثقلین مشتاق بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ثقلین اکثر 45 ویں سے 50 ویں اوور کے درمیان بولنگ کرکے اہم وکٹیں حاصل کرتے تھے اور پاکستان کو میچ جتوا دیا کرتے تھے۔