مقبول ترین گیمز میں سے ایک "فورٹ نائٹ" کو آخرکار گوگل پلے اسٹور پر جاری کردیا گیا۔ یہ گیم اب پلے اسٹور سے انسٹال کی جاسکتی ہے۔
ایپک گیمز نے 18 ماہ بعد تھرڈ پارٹی سافٹ وئیر کی ریلیز کے بعد اینڈرائیڈ صارفین کے لیے اسے گوگل پلے اسٹور پر پیش کردیا۔
ایپک گیمز کا کہنا ہے کہ اس کی وجہ گوگل کی جانب سے تھرڈ پارٹی سافٹ وئیر کے بارے میں صارفین کو سیکیورٹی مسائل کا انتباہ جاری کرنا ہے جو کہ ہوتے ہی نہیں، جبکہ پلے اسٹور سے باہر کے سافٹ وئیر کو میل وئیر سمجھنا ہے۔
کمپنی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 'ڈیڑھ سال تک گوگل پلے اسٹور سے باہر اینڈرائیڈ سیٹس کے لیے فورٹ نائٹ کو آپریٹ کرنے کے بعد ہمیں یہ احساس ہوا ہے کہ گوگل کی جانب سے گوگل پلے سے باہر سافٹ وئیر کے خلاف منصفانہ سلوک نہیں کیا جاتا، اس کی جانب سے تکنیکی اور کاروباری اقدامات جیسے بار بار سیکیورٹی پوپ اپس کے ذریعے صارفین کو خبردار کرنا اور تھرڈ پارٹی سافٹ وئیر ذرائع کو میل وئیر سے تشبیہ دینا جیسے اقدامات کیے جاتے ہیں'۔
ان وجوہات کے باعث ایپک نے اب اس گیم کو گوگل پلے اسٹور پر جاری کردیا ہے اور اب وہ گوگل کو ان ایپ خریداری پر 30 فیصد ادائیگی بھی کرے گی۔
ایپک گیمز ایپل کے ایپ اسٹور اور گوگل کے پلے اسٹور پر ڈویلپرز سے ضرورت سے زیادہ فیس لینے پر شدید تنقید کرتی رہی ہے اور اسی وجہ سے گوگل پلے اسٹور پر گیم کو ریلیز بھی نہیں کیا گیا۔
گوگل پلے اسٹور میں فورٹ نائٹ کو شامل کرنے کے لیے ایپک گیمز کافی عرصے سے کوشش کررہی ہے کیونکہ اینڈرائیڈ میں اس کا ڈیبیو اگست 2018 میں ہوا اور اس کے بعد سے اسے خود ڈسٹری بیوٹ کررہی ہے۔
نائن ٹو فائیو گوگل کے مطابق ایپک ک جانب سے گیم کو پلے اسٹور کا حصہ بنانے کی درخواست کے ساتھ خصوصی استثنیٰ کا مطالبہ کیا جائے گا تاکہ 30 فیصد ادائیگی کے اصول کو بائی پاس کیا جاسکے۔
فورٹ نائٹ مفت گیم ہے جس کے ڈویلپرز ساری آمدنی اسے کھیلنے کے لیے ٹولز کی خریداری کے ذریعے حاصل کرتے ہیں۔
دوسری جانب گوگل کا کہنا تھا کہ ایپک نے ایسا استثنیٰ ایپل کے ایپ اسٹور کے لیے نہیں مانگا جہاں اسے گزشتہ سال شامل کیا گیا تھا اور وہ 30 فیصد فیس ادا کررہی ہے۔
اب ایپک گیمز نے گوگل کی شرائط پر فورٹ نائٹ کو پلے اسٹور کا حصہ بنادیا ہے۔