Aaj Logo

اپ ڈیٹ 21 اپريل 2020 08:20am

وزیراعظم سے ملاقات کرنے والے فیصل ایدھی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا

پاکستان کے  معروف فلاحی ادارے ایدھی فاﺅنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا۔

فیصل ایدھی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ایسے افراد کی فہرست تیار کی جا رہی ہے جن سے انہوں نے حالیہ دنوں میں ملاقات کی ہے۔

ذرائع کے مطابق فیصل ایدھی کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ایدھی فاؤنڈیشن کے کچھ عملے اور فیصل ایدھی کے اہلخانہ کے بھی کورونا ٹیسٹ کرائے جائیں گے، فیصل ایدھی اس وقت اسلام آباد میں موجود ہیں۔

فیصل ایدھی نے چند روز قبل وزیراعظم عمران خان سے بھی ملاقات کی تھی۔ وزیر اعظم عمران خان سے فیصل ایدھی نے بدھ کو ملاقات کی ہے۔

وزیراعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق فیصل ایدھی نے ایدھی فاؤنڈیشن کی طرف سے ایک کروڑ روپے کا چیک وزیراعظم کرونا ریلیف فنڈ کے لیے وزیر اعظم کو پیش کیا۔

ایک کروڑ کا امدادی چیک دینے والے فیصل ایدھی نے وزیراعظم عمران خان سے گلہ کیا تھا کہ انہوں نے مجھے پہچانا نہیں۔

دوسری جانب فیصل ایدھی نے ایک ویڈیو پیغام میں جاری کیے گئے کچھ ڈیٹا کی بھی وضاحت کی تھی، انہوں نے بتایا تھا کہ حال ہی میں ایدھی فاؤنڈشن کے جاری کردہ اعداد و شمار کو میڈیا میں غلط انداز میں پیش کیا گیا ہے۔

ان کے مطابق فاﺅنڈیشن نے جو ڈیٹا جاری کیا تھا اس میں یکم اپریل سے 13 اپریل تک ایدھی فاﺅنڈیشن کے کچھ سرد خانوں پر وصول ہونے والی لاشوں کی تعداد 387 تھی اور اس میں بڑی عمر کے لوگوں کی تعداد زیادہ تھی۔

فیصل ایدھی نے بتایا کہ گذشتہ سال اسی دورانیے میں 230 تھی اور یہ تقریباً 70 فیصد کا اضافہ ہے۔

تاہم ان کا کہنا تھا کہ ان تمام اموات کو کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں میں شمار کرنا درست نہیں۔ فیصل ایدھی کا کہنا تھا کہ کراچی میں بہت سے ہسپتالوں کے او پی ڈی بند ہوگئے ہیں اور لوگوں تک صحت کی سہولیات مکمل طور پر نہیں پہنچ رہیں جس کی وجہ سے بھی لوگوں کی اموات میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ممکن ہے اس اضافے میں کچھ لوگ کورونا وائرس کی وجہ سے انتقال کر گئے ہوں تاہم ان تمام کو کورونا کے مریض تصور کرنا درست نہیں ہوگا۔

ادھر یہ انکشاف بھی سامنے آیا ہے کہ فیصل ایدھی نے وزیراعظم سے ملاقات کے لیے اسلام آباد جانے کے لیے ایدھی فاﺅنڈیشن کی ایئرایمبولینس استعمال کی اور ملک میں جہازوں کے اڑان بھرنے پر عائد پابندی کی وجہ سے سول ایوی ایشن نے فیصل ایدھی کو ایک خصوصی اجازت نامہ جاری کرکے انہیں فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دی۔

خیراتی ادارے کی ایئرایمبولینس کے ذاتی استعمال پر بھی ایدھی فاﺅنڈیشن کے ڈونرز خاصے ناراض ہیں ان کا کہنا ہے کہ یہ ایئرایمولینس ایسے کاموں کے لیے نہیں بلکہ یہ ہنگامی حالات میں مدد فراہم کرنے کے لیے ہے اور فیصل ایدھی نے ایئرایمبولینس کا غلط استعمال کرکے ان کے اعتماد کو ٹھیس پہنچائی ہے۔

Read Comments