Aaj Logo

شائع 06 اپريل 2020 12:25pm

'شرجیل خان بہترین بیٹسمین ہیں لیکن انہیں فٹنس کا مسئلہ درپیش ہے'

پاکستان کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ وقار یونس کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کو کورونا کے ساتھ ساتھ پاکستان میں غربت سے بھی لڑنا ہے۔ کورونا کی وباء طویل ہوئی تو ورلڈ ٹی ٹوئنٹی سمیت کئی ایونٹس شائقین کے بغیر کروانا پڑسکتے ہیں۔

آسٹریلیا سے ویڈیو کانفرنس پر پاکستانی میڈیا سے گفتگو میں وقار یونس کا کہنا تھا کہ مشکل صورتحال میں سب کو مل کر کام کرنا ہوگا، عمران خان کی ٹائیگر فورس کا حصہ بننے کو تیار ہیں۔

وقاریونس نے کہا کہ پاکستان کی نسبت آسٹریلیا میں لوگ لاک ڈاون کی پابندی پرعمل کررہے ہیں، پاکستان میں حکومت کو کورونا کے ساتھ غربت سے لڑنے کا چیلنج بھی درپیش ہے۔

سابق فاسٹ بولرکا کہنا تھا کہ اگر وباء طویل ہوئی تو ورلڈ ٹی ٹوئنٹی سمیت کرکٹ ایونٹس بند دروازوں کے پیچھے کروانا پڑسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شرجیل خان بہترین بیٹسمین ہیں لیکن انہیں فٹنس کا مسئلہ درپیش ہے۔ سابق کپتان سرفراز احمد محنت کرکے ٹیم میں واپس آسکتے ہیں۔

وقار یونس نے کہا کہ وہ رواں سال پاکستان منتقل ہوجائیں گے، ملک میں فلاحی ادارہ قائم کرنا چاہتے ہیں۔

آسٹریلیا میں خدمات انجام دینے والی اپنی ڈاکٹراہلیہ پر فخرہے، خوشی ہے کہ وہ انسانیت کی خدمت کررہی ہیں۔

Read Comments