پاکستان میں رواں ماہ کے آخر تک کورونا کیسز کی تعداد پچاس ہزار تک پہنچنے کا خدشہ ہے ، وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ میں رپورٹ جمع کرادی۔ بتایا تین سو چھتیس ملین ڈالر کی لاگت سے صحت ایمرجنسی پلان لاگو کردیا ہے۔
کورونا وائرس کے خلاف حکومتی اقدامات کی رپورٹ اور قیدیوں کی رہائی کے خلاف اپیل پر جواب سپریم کورٹ میں جمع کرادیا گیا۔
وفاقی حکومت نے خدشہ ظاہر کیا کہ پچیس اپریل تک پاکستان میں کورونا کیسز کی تعداد پچاس ہزار تک پہنچ سکتی ہے، ان کیسز میں 41 ہزار 482 معمولی، 7 ہزار 24 سنگین اور 2 ہزار 392 تشویش ناک نوعیت کے ہوسکتے ہیں۔
کورونا کے مجموعی کیسز کی تعداد یورپ سے کئی گنا کم رہے گی، رپورٹ میں وفاقی حکومت نے کورونا کے خلاف اقدامات سے بھی آگاہ کیا، بتایا 336 ملین ڈالرکی لاگت سے ایمرجنسی ہیلتھ پلان لاگو کردیا گیا ہے جس میں بیرون ملک سے آنے والی امداد بھی شامل ہے۔
رواں ماہ کے آخر تک مشتبہ مریضوں کی ٹیسٹنگ سہولت میں بھی اضافہ کیا جائے گا۔ رپورٹ کے مطابق ملک بھر کے 154 اضلاع میں مشتبہ مریضوں کو قرنطینہ میں رکھنے کا بندوبست کیا گیا ہے۔