لاہور،کراچی:پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں مزید اضافہ ہوگیا،جس کے بعد تعداد 2818 ہوگئی۔
ملک بھر میں کورونا وائرس کے کيسز کى تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے،اب یہ تعداد بڑھ کر 2818 ہوگئی ہے۔
پہلے پنجاب کورونا وائرس سےسب سے زیادہ افراد متاثرہوئے، جہاں تعداد 1072 ہوگئی۔ سندھ میں839 ،خیبرپختونخوا میں 343، بلوچستان میں 175، گلگت بلتستان میں 193، اسلام آباد 75، آزادکشمیر میں کورونا کے 11 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک میں کورونا وائرس سے اموات کی تعداد 41 ہوگئی، سندھ میں 12، پنجاب میں 11، خیبرپختونخوا میں 10، گلگت بلتستان میں 3 اور بلوچستان میں ایک مریض کورونا وائرس کے باعث انتقال کرگیا۔
کورونا وائرس سےمتاثرہ 13 مریضوں کی حالت تشویشناک ہےجن کا علاج جاری ہے، جبکہ پاکستان میں کورونا کے 130 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔
ملک بھر میں جاری لاک ڈاؤن میں توسیع
پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں مسلسل اضافے کے بعد ملک بھر میں 23 مارچ سے جاری لاک ڈاؤن میں 14 اپریل تک توسیع کردی گئی ہے۔
اس کے علاوہ صورتحال پر قابو پانے کیلئے پاکستان بھر میں فوج بھی تعینات ہے۔
سندھ میں جمعے کو دن 12 بجے سے مکمل لاک ڈاؤن کا فیصلہ
سندھ حکومت نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے جمعے کو دن 12 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک مکمل لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے۔
ترجمان سندھ حکومت کے مطابق نماز جمعہ کے اجتماعات کو محدود کرنے کے فیصلے سے علماء متفق ہیں۔
یاد رہے کہ سندھ اور پنجاب میں پہلے ہی باجماعت نمازوں پر پابندی عائد کی جاچکی ہے۔
مسافر ٹرینیں بند ، بین الاقوامی فلائٹ آپریشن جزوی بحال
وزارت ریلوے نے 24 مارچ کی رات 12 بجے سے ملک بھر میں ٹرین آپریشن معطل کر رکھا ہے جو پہلے 31 مارچ تک بند رکھا گیا لیکن وفاقی حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن میں 14 اپریل کی توسیع تک ٹرین آپریشن بھی معطل رہے گا ۔
البتہ پی آئی اے کو جزوی طور پر انٹرنیشنل فلائٹ آپریشن کی اجازت دی گئی ہے۔