اسلام آباد: پاک بحریہ نے کورونا کے باعث ملک پر آنے والی مشکل صورتحال میں کورونا ریلیف فنڈ میں تعاون کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
موجودہ صورتحال میں پاکستان کورونا وائرس سے پیدا ہونے والے حالات کا بھرپور مقابلہ کررہا ہے۔ اس ضمن میں پاک بحریہ بھی اپنے وسائل بروئے کار لاتے ہوئے کورونا وائرس کے خلاف مربوط اقدامات کررہی ہے اور اس تناظر میں پاک بحریہ نے کورونا ریلیف فنڈ میں عطیہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس مخلصانہ کاوش میں اپنا حصہ ڈالتے ہوئے چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی اپنی ایک ماہ کی تنخواہ کورونا ریلیف فنڈ میں عطیہ کریں گے۔
اس کے علاوہ وائس ایڈمرل سے کموڈور سطح کے افسران تین دن کی تنخواہ جبکہ باقی تمام افسران بشمول سویلین افسران دو دن کی تنخواہ کورونا ریلیف فنڈ میں جمع کروایں گے۔
اس کے علاوہ پاک بحریہ کے چیف پیٹی افسران، سیلرز اور سویلین عملہ بھی اپنی ایک دن کی تنخواہ اس فنڈ میں عطیہ کرے گا۔