پاکستان کے مایہ ناز عالمی شہرت یافتہ گلوکار عاطف اسلم نے ملک میں جاری کورونا وائرس کی وباء سے متعلق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے لئے جانے والے اقدامات کا خیرمقدم کرتے ہوئے ان کیلئے ویڈیو پیغام جاری کیا ہے۔
انہوں نے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کے اقدامات کو سراہا اور پھر تمام لوگوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ جس کی جتنی حیثیت ہے وہ اس حساب سے لوگوں کی مدد کرے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس مشکل گھڑی میں اپنے ارد گرد، اپنے پڑوسیوں کو دیکھیں اور جو مستحق ہو اُن کی مدد کیلئے آگے بڑھیں۔
عاطف اسلم نے مزید کہا کہ اللہ پاک سے دعا ہے وہ ہمیں ان مشکل حالات سے لڑنے کی توفیق عطا فرمائے۔
ویڈیو کے آخر میں اُن کا کہنا تھا کہ میں حکومت یا کسی اور سے کوئی مطالبہ نہیں کرنا چاہتا بلکہ وزیراعظم کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات کو سراہنا چاہتا ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس مشکل گھڑی میں ہم آپ سب کے ساتھ ہیں اور اگر آپ کو کسی بھی حوالے سے ضرورت پڑتی ہے تو ہم حاضر ہیں۔