کراچی: ملک بھر میں کورونا وائرس سے متاثر افراد کی تعداد 1102 ہوگئی جبکہ اب تک 8 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر نے تازہ اعداد و شمار جاری کر دیئے جس کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 1102 تک پہنچ گئی ہے۔
سندھ میں 417، پنجاب میں 323، بلوچستان میں 131، گلگت بلتستان میں 84، خیبر پختونخوا میں 121 جب کہ اسلام آباد میں 25 اور آزاد کشمیر میں ایک مریض ہے۔
اب تک اس مہلک وائرس سے 21 افراد صحتیاب جبکہ 8 افراد ابدی نیند سوچکے ہیں۔ جبکہ 5 کی حالت تشویشناک ہے۔
ملک بھر میں لاک ڈاؤن
پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں مسلسل اضافے کے بعد ملک بھر میں فوج تعینات ہے اور چاروں صوبے لاک ڈاؤن ہے۔
وزارت داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق گلگت بلتستا ن اورآزاد کشمیر میں بھی فوج تعینات کی گئی ہے اور فوج کی خدمات آئین کے آرٹیکل 131 اے کے تحت طلب کی گئی ہیں جبکہ آزاد کشمیر میں بھی منگل سے 3 ہفتوں کا لاک ڈاون شروع ہو گیا۔
ملک بھر میں تمام مسافر ٹرینیں بند
وزارت ریلوے نے 24 مارچ کی رات 12 بجے سے ملک بھر میں ٹرین آپریشن معطل کردیا ہے جس کے تحت 31 مارچ تک مسافر ٹرینیں بند رہیں گے جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
حکومت کا معاشی پیکج
کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر حکومت نے معاشی پیکیج کا اعلان کردیا ہے جس کے تحت پیٹرول اور ڈیزل 15 روپے فی لیٹر سستا کردیا گیا ہے جبکہ مزدوروں کیلئے200 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔