پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز آل راؤنڈر محمد حفیظ کو گزشتہ دنوں پی ایس ایل اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کا شکار بننے والے اوپنر شرجیل خان کی واپسی کے معاملے پر مخالفت میں ردعمل دینے پر پی سی بی کی جانب سے سرزنش کا سامنا کرنا پڑا تھا لیکن اب بھارت سے ان کے حق میں آواز بلند ہوگئی ہے۔
بھارت کے سابق کرکٹر، رائٹر اور کرکٹ تجزیہ کار آکاش چوپڑا نے شرجیل خان کی واپسی پر محمد حفیظ کے اُس ٹویٹ کو سراہا ہے جس میں انہوں نے شرجیل کی واپسی کی مخالفت کی تھی۔
آکاش چوپڑا نے محمد حفیظ کے موقف کو درست قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایک دو باصلاحیت کرکٹرز سے محرومی تو برداشت کی جاسکتی ہے لیکن ایمانداری اور ملک کے وقار کو جانے دیا تو پیچھے کچھ نہیں بچے گا۔
انہوں نے حفیظ کی بات کی تائید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اُنہیں بات کرنے دی جائے کیونکہ اُن کی جانب سے بہت اچھا نکتہ اُٹھایا گیا ہے۔
محمد حفیظ اس سے قبل 2010 کے دورہ انگلینڈ میں اسپاٹ فکسنگ کرنےوالے فاسٹ بولر محمد عامر کی واپسی کے بھی سخت خلاف تھے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں شرجیل خان کی واپسی سے متعلق جاری بحث پر محمد حفیظ نے ٹویٹ کرتے ہوئے سوال اٗٹھایا تھا کہ کیا ہمیں ملک کی عزت و وقار اور ایمانداری کو ٹیلنٹ سے زیادہ اہمیت نہیں دینی چاہیئے۔
Shouldn’t we set Standards of Dignity & Pride Higher than any other “Extra Talent” to represent Pakistan 🇵🇰 Just Asking https://t.co/9xxIvcAqM8
— Mohammad Hafeez (@MHafeez22) March 20, 2020