Aaj Logo

شائع 22 مارچ 2020 07:49am

کورونا وائرس: سندھ کے بعد پنجاب اور بلوچستان میں بھی فوج طلب

کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے سندھ کے بعد پنجاب اور بلوچستان کی حکومتوں نے بھی فوج طلب کرلی ہے۔

ملک بھر میں تیزی سے پھیلتے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے سندھ کے بعد پنجاب اور بلوچستان کی حکومتوں نے بھی وفاق سے فوج طلب کرنے کے لیے درخواست کردی ہے۔

بلوچستان حکومت نے آرٹیکل 245 کے تحت پاک فوج کو سول اختیارات دینے کے لیے خط لکھ دیا، بلوچستان حکومت کے مطابق پاک فوج کو آرٹیکل 245 کے اختیارات دیے جائیں گے اور صوبے بھر میں ایمرجنسی کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فوج کو سول اختیارات حاصل ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بھی آرٹیکل 245 کے تحت صوبے میں فوج طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب نے چیف سیکرٹری اور دیگر اعلیٰ حکام سے مشاورت مکمل کرلی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ مشکل کی گھڑی میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے اور عوام کے تحفظ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔

گزشتہ روز سندھ حکومت نے بھی کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے وفاق سے صوبے میں فوج تعینات کرنے کی درخواست کی تھی۔ اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت سندھ نے وفاقی وزارت داخلہ کو ایک خط ارسال کیا ہے جس میں آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت سول ایڈمنسٹریشن کی مدد کے لیے افواج پاکستان کو تعینات کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔

Read Comments