لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ وقار یونس نے کہا ہے کہ شرجیل خان فوری طور پر قومی ٹیم میں واپسی کیلئے تیار دکھائی نہیں دیتے۔ انہیں اپنی فٹنس پر مزید کام کرنا ہوگا۔
جنوری 2017 میں آخری بار قومی ٹیم کی نمائندگی کرنے والے شرجیل خان سے متعلق بولنگ کوچ وقار یونس کا اہم بیان سامنے آگیا۔ ان کا کہنا ہے کہ شرجیل خان فوری طور پر قومی ٹیم میں واپسی کیلئے تیار دکھائی نہیں دیتے، انہیں اپنی فٹنس پر مزید کام کرنا ہوگا،
پی ایس ایل اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں ان پر ڈھائی سال کی پابندی عائد کردی گئی تھی، شرجیل نے پی ایس ایل فائیو میں کراچی کنگز کی نمائندگی کی اور 10 میچز میں 197 رنز بنائے۔
ایک انٹرویو میں قومی ٹیم کے بولنگ کوچ وقار یونس نے کہا کہ شرجیل کو ابھی بہت کام کرنے کی ضرورت ہے، انہیں صرف ایک یا دو اننگز کی بنیاد پر نہیں جانچا جاسکتا۔
سابق کپتان نے کہا کہ شرجیل کو اپنی فٹنس پر بہت کام کرنا ہوگا، ہم انہیں فیلڈ میں کہاں چھپائیں گے، ان دنوں فیلڈنگ کی اہمیت بہت زیادہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ایس ایل کے بعد شرجیل کے پاس خود کو فٹ کرنے کیلئے کافی وقت موجود ہے۔