بیجنگ: چینی وزارتِ خارجہ نے اعلان کرتے ہوئے امریکا کو واضح پیغام دیا ہے کہ چین میں موجود نیویارک ٹائمز، وال اسٹریٹ جرنل اور واشنگٹن پوسٹ سےوابستہ غیر ملکی صحافی آئندہ دس دن کے اندر اندر چین سے نکل جائیں۔
رپورٹ کے مطابق چینی حکومت نے ان اخبارات کے علاوہ وائس آف امریکا اور ٹائم میگزین سے یہ بتانے کا مطالبہ کیا ہے کہ آخر ان کے چینی بیورو آفسز میں کیا چل رہا ہے۔
واضح رہے کہ ٹرمپ انتظامیہ نے 3 مارچ کو امریکا میں چین کی پانچ سرکاری خبر رساں ایجنسیوں میں کام کرنے والے چینی صحافیوں کی مجموعی تعداد 100 تک محدود کرنے کا اعلان کیا تھا۔ حالیہ چینی اقدام اسی کا ردِعمل قرار دیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب ایک بار پھر امریکی صدر نے کورونا کو پھر "چینی وائرس" کہہ دیا، چینی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ وہ چین کو برا کہنے کی بجائے اپنے کام پر دھیان دیں۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق چین کے اعتراض کے باوجود امریکی صدر کورونا کو "چینی وائرس" کہہ رہے ہیں۔ مزید ایک ٹویٹ میں انہوں نے پھر سے چینی وائرس کی اصطلاح استعمال کی۔
عالمی ادارہ صحت نے کہا کہ وائرس کو کسی خاص برادری یا علاقے سے جوڑ کر دکھانا غلط ہے، امریکی اہلکار اور وزیر خارجہ پومپیو بھی اسے کئی بار "ووہان وائرس" کہہ چکے ہیں۔