Aaj Logo

اپ ڈیٹ 14 مارچ 2020 06:46pm

کراچی کی ٹیم اسلام آباد کو ہراکر سیمی فائنل میں پہنچ گئی

کراچی: پاکستان سپر لیگ سیزن فائیو کے 28 ویں اور انتہائی اہم میچ میں کراچی کنگز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دے دی۔ اس فتح کے ساتھ کراچی کی ٹیم سیمی فائنل میں پہنچ گئی جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم پی ایس ایل کی تاریخ میں پہلی بار ناک آؤٹ مرحلے سے قبل باہر ہوگئی۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جانے والے اس میچ میں کراچی کنگز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ سے آؤٹ کردیا۔

-137 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کا آغاز شاندار رہا، شرجیل خان کی 37 رنز کی دھواں دار اننگز کی بدولت 5 اوورز میں 60 رنز بنالئے تھے مگر اسلام آباد نے بہترین کم بیک کرتے ہوئے کراچی کیلئے مشکلات کھڑی کیں اور میچ کو انتہائی سنسنی خیز بنادیا۔

کنگز نے 137 رنز کا ہدف آخری اوور میں حاصل کیا۔ شرجیل خان 37، کپتان عماد وسیم 26، بابر اعظم 19 رنز بناسکے جبکہ عمید آصف نے 6 گیندوں پر ناقابل شکست 13 رنز اسکور کرکے کراچی کو فتحیاب کروایا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے کپتان شاداب خان نے دو جبکہ محمد موسیٰ، ظفر گوہر، عاکف جاوید اور رومان رئیس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل کراچی کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اسلام آباد کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 136 رنز اسکور کئے تھے۔ حسین طلعت 37 اور فِل سالٹ 25 رنز بناکر نمایاں رہے تھے۔

اس کے علاوہ رضوان حسین 17، کولن انگرم 14، کپتان شاداب خان 12 اور فہیم اشرف بھی ناٹ آؤٹ 12 رنز بناسکے تھے۔

کراچی کنگز کی جانب سے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا گیا۔ افتخار احمد، ارشد اقبال، عمید آصف، عماد وسیم اور کرس جارڈن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی تھی۔

شرجیل خان کو مشکل وکٹ کے باوجود 4 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے محض 14 گیندوں پر 37 رنز بنانے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

Read Comments