Aaj Logo

اپ ڈیٹ 14 مارچ 2020 03:50pm

تازہ اعداد وشمار: پاکستان میں اب تک کورونا وائرس کے 30 کیسز رپورٹ، 3 صحتیاب

اسلام آباد: وزارت برائے قومی صحت کے تازہ اعداد وشمار کےمطابق پاکستان میں اب تک کورونا وائرس کے 30 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

سندھ میں 16 متاثرہ افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق کی گئی، جن میں سے تین مریض صحت یاب ہوکر اسپتالوں سے ڈسچارج کردیئے گئے ہیں۔ یوں اب سندھ میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 13 رہ گئی ہے۔

جبکہ بلوچستان میں چھ، اسلام آباد اور گلگت میں  3، 3 مریض زیرعلاج ہیں۔ ملک کے مختلف اسپتالوں میں 25مریض زیرعلاج ہیں۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر معید یوسف کا کہنا ہے کہ ملک میں کسی نیشنل ایمرجنسی کا نفاذ نہیں کیا گیا، وزیراعظم کا پیغام ہے کہ خوف نہ پھیلائیں۔

دوسری جانب بڑے خطرے سے نمٹنے کیلئے نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی قائم کردی گئی ہے جو آج سے ہی بیٹھک شروع کرے گی، ڈاکٹر ظفر مرزا اجلاس کی صدارت کرینگے۔

کمیٹی میں کنوینئر کے فرائض معاون خصوصی صحت انجام دینگے، کمیٹی میں متعلقہ وفاقی وزراء، وزراء اعلیٰ، چیئرمین این ڈی ایم اے، سرجن جنرل آف پاکستان آرمی اور آئی ایس آئی، آئی ایس پی آر اور ڈی جی ایم او کے نمائندے رکن ہونگے۔

کمیٹی کو کسی ادارے یا آفیشل کو شامل کرنا کے اختیار بھی دیے گئے ہیں، وفاقی سیکرٹری صحت کمیٹی کے سیکرٹری ہونگے۔

 اجلاس میں ملک کے کرونا وائرس کے بڑھتے کيسز اور روک تھام کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ ليا جائے گا۔

Read Comments