لاہور: پاکستان سپر لیگ سیزن فائیو کا 25 واں میچ (جو دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور ملتان سلطانز کے درمیان کھیلا جانا تھا) بارش کے باعث منسوخ ہوگیا ہے۔
پی ایس ایل فائیو کا ایک اور میچ بارش کی نذر ہوگیا، لاہور میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور ملتان سلطانز کا میچ منسوخ ہوگیا۔ دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پلے آف تک رسائی مزید کھٹائی میں پڑ گئی۔
لاہورمیں بارش نے میچ کا مزہ کرکرا کیا، وہیں کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکی مشکلات میں اضافہ ہوگیا۔ ملتان سلطانز کیخلاف اہم میچ منسوخ ہوگیا اور اسی کے ساتھ دفاعی چیمپئن کی پلے آف تک رسائی کے امکانات معدوم ہوگئے۔
وقفے وقفے سے بارش ہوئی تو گراؤنڈ کی حالت کھیلنے کے قابل نہ رہی اور ٹاس بھی ممکن نہ ہوسکا۔ دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ مل گیا۔
پوائنٹس ٹیبل پر ملتان سلطانز بدستور ٹاپ پوزیشن پر موجود ہے، پشاور زلمی کا دوسرا اور لاہور قلندز کا تیسرانمبر ہے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی چھٹی اور آخری پوزیشن ہے۔ اب کوئٹہ کو آخری میچ نا صرف جیتنا ہوگا، بلکہ دیگر ٹیموں کے نتائج پر بھی انحصار کرنا ہوگا۔