پی ایس ایل فائیو کے کراچی میں شیڈول میچز کے حوالے سے حکومت نے بڑا اعلان کردیا، محکمہ صحت سندھ نے کراچی میں پی ایس ایل میچز اور عوامی اجتماعات پر پابندی لگانے اور اسکولوں کی تعطیلات میں توسیع کی سفارش کی تھی تاہم سندھ حکومت نے یہ سفارشات مسترد کردیں اور میچز شیڈول کے مطابق ہونے کا اعلان کردیا۔
صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے پیش نظر سخت حفاظتی انتظامات کئے جائیں گے، نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں اسپرے کرائے جائیں گے، اسٹیڈیم میں جگہ جگہ سینیٹائرز رکھے جائیں گے اور اسٹیڈیم آنے والوں کی مکمل اسکریننگ کی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں پی ایس ایل میچز کے انتظامات مکمل ہیں۔
اس موقع پر پی سی بی کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل آپریشنز ذاکر خان کا کہنا تھا کہ شائقین کی سیفٹی کو اولین ترجیج دی جائے گی اور سندھ حکومت کے احکامات پرعمل کیا جائے گا۔
اس سے قبل نیشنل اسٹیڈیم میں شیڈول میچز کی انتظامی کمیٹی کا اجلاس ہوا تھا جس میں وزیر اطلاعات اور کمشنر کراچی کی زیرصدارت معاملات کا جائزہ لیا گیا تھا۔
اجلاس میں مختلف اداروں کے حکام اور نمائندوں نے بھی شرکت کی تھی۔