لندن: برطانیہ میں ایک خودساختہ جھوٹے پیغمبر کو 6 خواتین اور ایک مرد کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کے جرم میں 34 سال قید کی سزا سنا دی گئی۔
میل آن لائن کے مطابق یہ 60 سالہ مائیکل اولرونبی نامی شخص نائیجیرین نژاد تھا اور برمنگھم میں مقیم تھا، جہاں اس کذاب نے اپنے پیغمبر ہونے کا دعویٰ کیا اور لوگ اس کے معتقد ہونے لگے۔
اس نے گزشتہ 20 سال سے یہ دھندہ چلا رکھا تھا اور اس کے پیروکاروں کی تعداد سینکڑوں میں تھی۔
یہ کذاب اپنے پیروکاروں کو روحانی غسل دلاتا تھا اور اسی غسل کے دوران انہیں جنسی زیادتی کا نشانہ بناتا تھا۔ یہ دعویٰ کرتا تھا کہ اس روحانی غسل سے لوگوں کی روحیں پاک ہو جاتی ہیں۔
اسے گرفتار کرکے برمنگھم کراﺅن کورٹ میں پیش کیا گیا تھا جہاں اس کے خلاف جنسی زیادتی کے 88 الزامات ثابت ہوئے۔ فیصلہ سناتے ہوئے جج سارا بکنگھم کا کہنا تھا کہ 'اس روحانی غسل کا اصل مقصد مجرم کی جنسی ہوس کو تسکین پہنچانا تھا۔'
رپورٹ کے مطابق اس کذاب کے ساتھ اس کی بیوی جولیانا پر بھی مقدمہ چلایا گیا جو اس کے جرائم میں شراکت دار تھی۔ اسے 11 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔