پیمرا نے "خواتین کےعالمی دن" پر ٹی وی چینلز کیلئے خصوصی ہدایت نامہ جاری کردیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ ٹی وی چینلز خواتین سے متعلق نازیبا بینرز، نعرے اور ڈسکشن نشر کرنے سے اجتناب کریں۔
خصوصی ہدایت نامے میں کہا گیا کہ عورت مارچ سے متعلق بعض چینلز نے متنازع نعرے نشر کیے، تمام ٹی وی چینلزاس ضمن میں اخلاقیات کو مدنظر رکھیں۔
پیمرا کا کہنا تھا کہ متنازع موادنشر کرنا مذہبی، اخلاقی، سماجی اور ثقافتی طور پر غیرمناسب ہے، خواتین سے متعلق متنازع مواد سے عوام کے جذبات مجروح ہوتے ہیں۔
پیمرا کو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے خواتین سے متعلق متنازع مواد کی شکایات ملی ہیں، اتھارٹی کو بھی ٹی وی چینلز پر متنازع نعرے، ڈسکشن نشر ہونے کی شکایات ملی ہیں جبکہ پاکستان سٹیزن پورٹل، پیمرا کمپلینٹ اور کال سینٹر پر بھی شکایات درج کرائی گئی ہیں۔
پیمرا کے مطابق خواتین سے متعلق متنازع مواد نشرکرنا پیمرا کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی ہے، قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی اطلاعات ونشریات نے بھی متقفہ طور پر تحفظات کا اظہار کیا ہے اور کمیٹی نے خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے احتیاط پر زور دیا ہے۔
ہدایت نامہ میں کہا گیا ٹی وی چینلز خواتین سے متعلق نازیبا بینرز، نعرے، ڈسکشن نشر کرنے سے اجتناب کریں۔