ریاض: سعودی حکومت نے شاہی خاندان کے تین سینیئر اراکین کو حراست میں لے لیا ہے۔ حراست میں لیے جانے والوں میں سے دو سلطنت میں انتہائی بااثر شخصیات تھیں۔
امریکی خبر رساں ذرائع کے مطابق حراست میں لیے گئے اراکین میں سعودی بادشاہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے چھوٹے بھائی بھی شامل ہیں۔
ان حراستوں کو سعودی ولی احد شہزادہ محمد بن سلمان کے ساتھ جوڑا جا رہا ہے۔ تاہم اب تک یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ ان افراد کو کن وجوہات کی بنا پر حراست میں لیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ سنہ 2017 میں محمد بن سلمان کے احکامات پر سعودی شاہی خاندان کے درجنوں اراکین، وزرا اور کاروباری شخصیات کو گرفتار کر کے "رٹز کارلٹن ہوٹل" تک محدود کر دیا گیا تھا۔
امریکی جریدے نیویارک ٹائمز اور وال سٹریٹ جرنل کے مطابق یہ گرفتاریاں جمعے کی صبح کی گئیں۔
حراست میں لیے جانے والے ارکین میں شاہ سلمان کے چھوٹے بھائی شہزادہ احمد بن عبدالعزیز، سابق ولی احد محمد بن نائف اور شاہی کزن شہزادہ نواف بن نائف شامل ہیں۔
وال سٹریٹ جرنل کے مطابق جمعے کے روز شاہی اراکین کو ان کے گھروں سے سعودی گارڈز نے حراست میں لیا۔ اہھوں نے چہرے پر ماسک اور سیاہ رنگ کا لباس پہن رکھا تھا۔