کراچی کے علاقے گولیمار میں 4منزلہ عمارت اچانک زمین بوس ہوگئی، جس کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد16ہوگئی،17سے زائد افراد کو زخمی حالت میں نکالا گیا۔
شہر قائد میں اندوہناک سانحہ آنکھ جھپکتے ہی خوشیاں اور قہقہے آہ و بکا میں بدل گئے، دوپہر ساڑھے 12بجے گولیمار میں 4منزلہ عمارت زمین بوس ہوگئی، بچوں اور خواتین سمیت کئی افراد ملبے تلے دب گئے۔
حادثے میں 16افراد جان سے چلے گئے جن میں 7خواتین اور3بچے بھی شامل ہیں جبکہ 17سے زائد افراد کو زخمی حالت میں ملبے سے نکال کر استپال منتقل کردیا گیا۔
محلہ متاثرین کی چیخوں اور مدد کی پکار سے گونج اُٹھا ، علاقہ مکینوں نے آؤ دیکھا نہ تاؤ ، فوری مدد کو لپکے اور ریسکیواہلکاروں کو بھی اطلاع دے دی گئی۔
علاقے میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں، تباہی اتنی زیادہ تھی کہ پاک فوج کے اہلکاروں کو بھی مدد کیلئے آنا پڑا، رہائشی عمارت گرنے سے ساتھ والے3مکانوں میں بھی دراڑیں پڑ گئیں۔
عینی شاہدین کے مطابق گرنے والی عمارت4منزلہ تھی، جسے صرف40گز پر تعمیر کیا گیا تھا۔
عمارت گرنے کے بعد ایس بی سی اے حکام، کمشنر کراچی اور چیئرمین ضلع وسطی ریحان ہاشمی سمیت دیگر بھی پہنچے اور ذمہ داری قبول کرنے کے بجائے ایک دوسرے پر ذمہ داری ڈال کر شہر قائد کے باسیوں کے زخموں پر نمک پاشی کرتے رہے۔
دوسری جانب گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی۔