کراچی: شہرِ قائد کے علاقے گولیمار میں پانچ منزلہ عمارت زمین بوس ہوگئی، حادثے میں دو شخص جاں بحق پانچ افراد زخمی ہوگئے، جبکہ متعدد افراد ملبے تلے دب گئے۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہےکہ بلڈنگ میں چار خاندان رہائش پذیر ہیں جس کے باعث ملبے تلے کئی افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں جب کہ علاقہ مکین بھی امدادی کارروائیوں میں حصہ لے رہے ہیں اور سریے کاٹ کر ملبے کو ہٹایا جارہا ہے، اس کے علاوہ ریسکیو آپریشن کے لیے بھاری مشینری بھی طلب کی گئی ہے۔
ریسکیو حکام نے اب تک 5 افراد کو ملبے سے نکال لیا ہے جنہیں عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا ہے، زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
اسپتال ذرائع نے واقعے میں 2 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی ہے جن میں ایک خاتون شامل ہیں۔
ریسکیو حکام نے بتایا کہ عمارت پھول والی گلی میں گری اور اس عمارت کو فاطمہ بلڈنگ کے نام سے جانا جاتا ہے، عمارت کے پشتے کمزور تھے جو عمارت کے گرنے کی وجہ بتائی جارہی ہے، عمارت گرنے سے برابر والی عمارت کو بھی نقصان پہنچے ہے اس لیے اس عمارت کو بھی خالی کرایا جارہا ہے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہےکہ گلی تنگ ہونے کہ وجہ سے امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے جس کے باعث پچھلی گلی سے ایمبولینسز کو لایا جارہا ہے۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہےکہ بلڈنگ زیادہ پرانی نہیں اور اسے 3 سے 4 سال پہلے ہی تعمیر کیا گیا تھا۔
گورنر سندھ عمران اسماعیل عمارت گرنے کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر کراچی اور سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سے رپورٹ طلب کرلی.