لاہور: لاہور قلندرز ایک میچ میں فتح کے بعد ایک بار پھر ناکامی کے ٹریک پر واپس آگئی۔ پاکستان سپر لیگ سیزن فائیو کے 17 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو 71 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے دی۔ یہ رنز کے اعتبار سے پی ایس ایل کی تاریخ کی سب سے بڑی شکست ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں میزبان ٹیم 199 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 127 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
لاہور قلندرز کے عثمان شنواری نے 30، بین ڈنک نے 25 اور سلمان بٹ نے 21 رنز بنائے جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے ظفر گوہر اور رومان رئیس نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل اسلام آباد کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 198 رنز بنائے تھے۔ کولن منرو نے 87 ناٹ آؤٹ، لیوک رونکی نے 48، کولن انگرم نے 29 اور آصف علی نے 6 گیندوں پر 20 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی تھی۔
لاہور قلندرز کے بولرز خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے۔ محمد حفیظ، محمد فیضان اور سلمان ارشاد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ مین آف دی میچ کا اعزاز اسلام آباد یونائیٹڈ کے کولن منرو کو دیا گیا۔