Aaj Logo

اپ ڈیٹ 03 مارچ 2020 05:41am

ماسک کے ذخیرہ اندوزوں کو پھانسی دینے کا اعلان

تہران: ایران میں کرونا وائرس پھیلنے کے بعد ملک میں ماسک اور دیگر حفاظتی اشیاء کی قلت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

دوسری طرف ایران کے پراسیکیوٹر جنرل محمد علی جعفری نے خبردار کیا ہے کہ ماسک کی ذخیرہ اندوزی کے کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔ اگر کوئی ماسک ذخیرہ کرتے یا اس کی اسمگلنگ میں ملوث پایا گیا تو اسے پھانسی دی جائے گی۔

عرب ٹی وی کے مطابق پراسیکیوٹر جنرل محمد علی جعفری نے وزیر صحت سعید نمکی کے مکتوب کا جواب دیتے ہوئے لکھا کہ ہم نے آپ کی طرف سے توجہ مبذول کرانے کے بعد صحت عامہ کے معاملے میں کسی بھی قسم کی کوتاہی یا غفلت برتنے والے افراد کے خلاف سخت اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے لکھا کہ ماسک اور طبی سامان کی ذخیرہ اندوزی کرنے والے کسی ہمدردی کے مستحق نہیں ہوں گے۔ اگر کوئی شخص ماسک کی ذخیرہ اندوزی کا مرتکب پایا جاتا ہے تو وہ سزائے موت کامستحق ہے۔ اسے سزائے موت دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ماسک کی ذخیرہ اندوزی اور ان کی اسمگلنگ فوج داری ایکٹ 286 اور اسلامی تعزیرات کے سزائے موت کا جرم ہے اور ایسے شخص کو پھانسی پر لٹکایا جائے گا۔

Read Comments