کراچی: پاکستان کے معروف اداکار جوڑے شہروز سبزواری اور سائرہ یوسف نے کئی ماہ علیحدگی کے بعد باضابطہ طلاق کا اعلان کیا ہے۔
شہروز سبزواری نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا کہ انہوں نے اور سائرہ نے اپنی شادی کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اگرچہ یہ بہت ہی مشکل ہے لیکن ہم کوشش کریں گے کہ اپنی بیٹی کیلئے بہترین والدین بنیں تاکہ وہ اپنے حصے کا وہ پیار اور عزت حاصل کرپائے جس کی وہ مستحق ہے۔
انہوں نے عوام اور میڈیا سے درخواست کی کہ ان کی پرائیویسی کا خیال رکھا جائے، اسی سے ملتا جلتا پیغام سائرہ یوسف نے بھی سوشل میڈیا پر جاری کیا ہے۔
خیال رہے کہ کچھ عرصہ پہلے یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ شہروز سبزواری اور ان کی اہلیہ سائرہ یوسف میں طلاق ہوچکی ہے جس کی وجہ ماڈل گرل صدف کنول کو قرار دیا گیا تھا۔
تاہم بعد میں شہروز سبزواری نے طلاق کی خبروں کی تردید کردی تھی اور صدف کنول کے حوالے سے باتوں کو بھی افواہیں قرار دیا تھا۔
شہروز سبزواری اور ان کی اہلیہ میں گزشتہ ماہ جون میں علیحدگی ہوگئی تھی تاہم انہوں نے شادی اب ختم کی ہے۔