جنیوا: ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) کے سربراہ ڈاکٹر ٹیڈ روز نے کرونا وائرس کے حوالے سے دی گئی ڈیلی پریس بریفنگ میں کہا ہے کہ اس وقت کرونا وائرس کے حوالے سے دنیا بھر میں 20 ویکسینز تیاری کے مراحل میں ہیں جن کے نتائج آئندہ کچھ ہفتوں میں مل جائیں گے۔
ڈاکٹر ٹیڈ روز کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے نگرانی بڑھانے، مشتبہ کیسز کو ڈھونڈنے، انہیں آئسولیٹ کرنے، ہر کیس کا باضابطہ علاج کرنے، ہر اس شخص کو ڈھونڈنے جس نے متاثرہ شخص سے رابطہ رکھا، ساری حکومتی مشینری اور سارے عوام کو کام پر لگانے کی ضرورت ہے، کسی بھی ملک کی وزارت صحت تنِ تنہا اس سے نہیں نمٹ سکتی۔
انہوں نے بتایا کہ اس وقت دنیا بھر میں کرونا وائرس کے حوالے سے 20 ویکسینز پر کام جاری ہے جبکہ کچھ کا کلینیکل ٹرائل بھی ہورہا ہے، آئندہ چند ہفتوں میں ہمیں ان کے نتائج مل جائیں گے، لیکن ہم ویکسین کے آنے کا انتظار نہیں کرسکتے، لوگوں کو اپنے طور پر ڈبلیو ایچ او، اپنی حکومتوں اور مقامی ڈاکٹرز کی جانب سے بتائی گئی حفاظتی تدابیر اختیار کرنا ہوں گی۔