Aaj Logo

شائع 28 فروری 2020 05:21pm

بسمہ معروف آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2020 سے باہر

لاہور: قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف انجری کے باعث آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2020 سے باہر ہوگئی ہیں۔ ایونٹ کے دوران انگلینڈ کے خلاف میچ میں بسمہ معروف کے دائیں انگوٹھے میں فریکچر ہوگیا ہے۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان میچ جمعہ کو کینبرا میں کھیلا گیا۔ میچ میں انگلینڈ نے 42 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔

پی سی بی نے بسمہ معروف کی جگہ ناہیدہ خان کا نام بطور متبادل کھلاڑی تجویز کیا ہے۔ ناہیدہ خان کے نام کی منظوری ایونٹ ٹیکنکل کمیٹی دے گی۔

بسمہ معروف کی عدم موجودگی میں جویریہ خان ایونٹ میں قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی قیادت کریں گی۔

بسمہ معروف ہفتہ کو پاکستان ویمنز اسکواڈ کے ہمراہ سڈنی روانہ ہوں گی جہاں کرکٹ آسٹریلیا کےآرتھوپیڈک سرجن ان کی سرجری کریں گے۔

انگلینڈ کے خلاف میچ میں بسمہ معروف نے 4 رنز اسکور کئے تھے۔ میچ میں پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم 159 رنز کے تعاقب میں 116 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی۔

ایونٹ میں پاکستان کی ٹیم اپنا اگلا میچ جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے گی۔ ایونٹ کےسیمی فائنل میں رسائی کیلئے پاکستان کو جنوبی افریقہ اور پھر تھائی لینڈ کے خلاف میچ میں ہر صورت کامیابی حاصل کرنا ہوگی۔

Read Comments